آر ایل این جی پر چلنے والے فرٹیلائزر پلانٹس سے ملکی خزانے کو36ملین ڈالر نقصان کا خدشہ

187

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)آر ایل این جی پر چلنے والے فرٹیلائزر پلانٹس سے ملکی خزانے کو36ملین ڈالر نقصان کا اندیشہ ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے درآمدی آر ایل این جی پر چلنے والے فرٹیلائزر پلانٹس کو چلانے کے فیصلے کے نتیجے میں ملکی زرِ مبادلہ میں 36ملین ڈالر کی کمی واقع ہوجائے گی۔ذرائع کے مطابق چین سے حاصل کیے جانے والے 1.3ارب ڈالر تجارتی قرض کے بعد مالی سال 2019-2020کے اختتام تک ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر 12ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اپنی حالیہ میٹنگ میں ای سی سی نے2 فرٹیلائزرز پلانٹس کو3ماہ کے لیے 756روپے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس فراہم کرنے کی منظوری دی تھی۔ حکومت کا دعوٰی ہے کہ ایل این جی پر چلنے والے فرٹیلائزر پلانٹس کو فراہم کی جانے والی 959ملین روپے کی سبسڈی سے ملک میں یوریا کے ذخائر کو یقینی بنانے میں ملے گی۔