بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کا سزا کیخلاف اپیل دائر کرنے سے انکار

377

اسلام آباد ( ا ٓن لائن )ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان نے کہا ہے کہ پاکستان میں گرفتار اور سزا یافتہ ”را“ ایجنٹ کل بھوشن یادیو نے اپنی سزا کے خلاف نظر ثانی اور اس پر دوبارہ غور کے لیے اپیل دائر کرنے سے انکار کردیا ہے،پاکستان اپنی عالمی ذمے داریوں سے بخوبی آگاہ اور پاکستان آئی سی جے کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے تیار ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان نے ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا، سارک زاہد حفیظ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی عدالت انصاف میں جو کیس پاکستان نے جیتا تھا اس کے فیصلے کے اہم نکات میں یہ بات بھی شامل تھی کہ ویانا کنونشن برائے قونصلر روابط کی دفعہ 36 کے تحت کل بھوشن یادیو کو اس کے حقوق کے بارے میں بتایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصلے میں یہ نکتہ بھی شامل تھا بھارتی قونصل افسران کو کل بھوشن یادیو سے بات چیت کرنے کی اجازت اور قونصلر رسائی دی جائے تا کہ وہ اس سے ملاقات کریں اور ان کے لیے قانونی نمائندگی کا بندوبست کریں۔اس کے علاوہ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ کل بھوشن کیس پر مو¿ثر نظر ثانی کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں جس میں اگر ضرورت پڑے تو قانون سازی کا نفاذ بھی شامل ہے اور جب تک مو¿ثر نظر ثانی اور دوبارہ غور مکمل نہ ہوجائے اس وقت تک پھانسی کی سزا کو روک دیا جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ پاکستانی حکومت کے اہم اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آئی سی جے فیصلے کے فوراً بعد کل بھوشن یادیو کو ویانا کنویشن کی دفعہ 36 کے تحت قونصلر رسائی کے اس کے حق کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔اس کے علاوہ 2 اگست 2019ءکو پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے ایک سفارتی اہلکار کو اسلام آباد مدعو کیا، اس پیشکش کو بھارت نے ایک ماہ کی تاخیر کے بعد 2 ستمبر کو قبول کیا جس کے بعد ہائی کمیشن کے ایک افسر نے کل بھوشن یادیو سے ملاقات کی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے”را“کے ایجنٹ کمانڈر یادیو کی سزائے موت پر نظر ثانی اور دوبارہ غور تک کے لیے روک دیا ۔