بیوی کو جہیز واپسی، نان نفقہ ادائیگی کےخلاف شوہر کی اپیل مسترد

150

اسلام آباد (اے پی پی) عدالت عظمیٰ نے بیوی کو جہیز واپسی، نان نفقہ ادائیگی سے متعلق بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف نسیم خان نامی شوہر کی جانب سے دائر اپیل مسترد کردی ہے۔ بدھ کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار نسیم خان نے مو¿قف اپنایا کہ سابق بیوی سے پیدا ہوا بچہ میرا نہیں ہے، جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ 8 ماہ میں بچہ پیدا ہونا غیر معمولی
بات نہیں ہے، درخواست گزار نے کہا کہ نان نفقہ کیسے ادا کروں، میرے پاس کوئی ملازمت نہیں ہے جس پر جسٹس مشیر عالم نے استفسار کیا کہ آپ نے دوسری شادی کب کی اور دوسری بیوی کا خرچہ کیسے برداشت کرتے ہیں؟ ،نسیم خان نے بتایا کہ 4 دکانوں کے کرایے سے گھر چلاتا ہوں جس پر جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ یہی معلوم کرنا تھا کہ تمہارے پاس بچے کا نان نفقہ دینے کے ذرائع ہیں۔ نسیم خان نے کہاکہ عدالت میرے ساتھ جبر نہیں کر سکتی جس پر جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ عدالت ایسے معاملہ میں جبر بھی کر سکتی ہے، آپکو جیل بھی بھیج سکتی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے بیوی کو جہیز واپسی اور نان نفقہ ادائیگی کے خلاف نسیم خان کی جانب سے اپیل مسترد کرتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار کھا اور نسیم خان کو سابقہ اہلیہ شبانہ کو جہیز واپس کرنے اور بچے کا نان نفقہ ادا کرنے کا حکم بھی دے دیا۔