بلوچستان کے ٹڈی دل سے متاثرہ اضلاع میں اسپرے کا آغاز

140

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ٹڈی دل سے متاثرہ اضلاع میں اسپرے کا کام جاری ہے، ہوائی اسپرے میں پاک فوج، ایف سی بلوچستان کے جہاز اور ہیلی کاپٹرز بھی استعمال کیے جارہے ہیں۔ بلوچستان حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ٹڈی دل سے متاثرہ اضلاع میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی مشترکہ کاوشوں اور پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے تعاون سے بھرپور آپریشن جاری ہے۔ اس آپریشن میں پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے جہاز اور ہیلی کاپٹر بھی ہوائی سپرے میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ محکمہ زراعت کے اہلکار متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر رات کے اوقات میں بھی یہ آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔ زرعی ماہرین کے مطابق ٹڈی دل رات کے اوقات ایڈ درختوں پر قیام کرتے ہیں، جس سے ان کیخلاف مؤثر اسپرے سے ان کو آسانی سے ختم کیا جاسکتا ہے۔