حکومت زراعت کے شعبہ کو چلانے میں پوری طرح ناکام ہوچکی، علی احمد

252

فیصل آباد (جسارت نیوز) کسان بورڈ کے ضلعی صدر علی احمد گورایہ نے کہا ہے کہ حکومت زراعت کے شعبہ کو چلانے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ شعبہ زراعت پر حکومت کی بے حسی پاکستان دشمنی کے مترادف ہے، جعلی کھادوں، اسپرے، ادویات اور دیگر زرعی مداخل میں جعل سازی اور قیمتوں میں اضافہ حکومتی نمائندگان کو کمیشن دیے اور ان کی پشت پناہی کے بغیر نہیں کیا جاسکتا۔ کسانوں کو لوٹنے کے لیے مقامی اضلاع کی انتظامیہ، محکمہ خوراک اور ممبران قومی وصوبائی اسمبلی نے ایکا کر رکھا ہے، اس گٹھ جوڑ نے پاکستان کے زرعی شعبہ کو تباہ وبرباد کردیا ہے اور غریب کسانوں کی محنت کو لوٹنے کے لیے سرمایہ داروں، جاگیرداروں، صنعت کاروں سمیت تمام شرفاء ایک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومتی نمائندگان اور دیگر طبقات نے کسانوں کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ بند نہ کیا تو کسان حکومت کا ناطقہ بند کردیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، کسان پہلے سے ظلم کی چکی میں پس رہا ہے، اب کسانوں پر ہونے والے ظلم کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔