جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت ہی امید کی کرن ہے ‘ دردانہ صدیقی

400

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خواتین دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ قیادت کا وژن اور اس کے مطابق لائحہ عمل طے کرنا اہم ہے‘ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ایسے میں جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت ہی عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔’’ احتساب سب کا ‘‘ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے جس کے نتیجہ میں خوشحال پاکستان کا قیام ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہ روزہ مرکزی شوریٰ جماعت اسلامی پاکستان (حلقہ خواتین) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تکریم نسواں مہم پر عوامی پذیرائی کے حوالے سے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین ہی صحیح معنوں میں پاکستانی عورت کی نمائندہ جماعت ہے۔ پاکستانی عورت کے مسائل کا حل اسکی تعلیم و صحت سمیت تمام جائز بنیادی حقوق دلانا جماعت اسلامی کی کوششوں کا حصہ ہے۔جماعت اسلامی ہی پاکستانی خواتین کی آواز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ کونسلنگ ڈیسک شعبہ نوجوان کے تحت قائم کیا گیا ہے اسے مزید فعال بنایا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کے مسائل کا ادراک ہوسکے اور ان کا بہتر حل نکالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک تحرک کا نام ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ موجود مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے ۔اجلاس میں مرکزی شوریٰ کے گزشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا ۔ علاوہ ازیں سیکرٹری جماعت اسلامی جنرل دردانہ صدیقی نے مجلس عاملہ کے اراکین کے ناموں کابھی اعلان کیا۔ زوم میٹنگ پر منعقدہ آن لائن سہ روزہ مرکزی شوری اجلاس میں ملک بھر سے اراکین شوریٰ ،ناظمات صوبہ،قیمہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر اور مرکزی شعبہ جات وبرادر تنظیمات کی نگراں نے شرکت کی اور سالانہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔