سربیا: لاک ڈاؤن کے خلاف عوام سراپا احتجاج‘ دارالحکومت میں مظاہرے

361
بلغراد: سربیا کے عوام حکومت کی جانب سے لاک ڈاون کے خلاف پارلیمان کی عمارت کے باہر احتجاج کررہے ہیں

بلغراد (انٹرنیشنل ڈیسک) سربیا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوبارہ نفاذ کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ہزاروں افراد دارالحکومت بلغراد میں ہجوم کی شکل میں نکل آئے اور پارلیمان کے باہر جمع ہوگئے۔ اس موقع پر پولیس اور احتجاج کرنے والوں میں پرتشدد جھڑپیں ہوئیں جب کہ مشتعل افراد نے پارلیمان کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا، جس کے جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھر، بوتلیں اور انڈے پھینکے۔سربیا کے وزیر اعظم نے پر تشدد مظاہروں کی مذمت کرتے ہوئے حزب اختلاف پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مظاہرین کی پشت پناہی کر رہی ہے اور اپوزیشن ہی کے کہنے پر مشتعل افراد نے پارلیمان پر حملے کی کوشش کی