شمالی کوریا ملاقات چاہتا ہے‘ میں بھی تیار ہوں‘ ٹرمپ کا دعویٰ

508

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے ساتھ ایک اور ملاقات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ’’میرے خیال میں شمالی کوریا مجھ سے ملاقات چاہتا ہے اور اگر کم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات مفید ثابت ہونے کے اشارے ملے تو ہم ضرور ملاقات کریں گے‘‘۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہ ملاقات مفید ثابت ہو سکتی ہے ؟ جس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے کم جونگ اُن کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور امید ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات مفید ثابت ہو گی۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے گزشتہ ہفتے 2 مرتبہ ایسے اشارے ملے تھے کہ وہ امریکا کے ساتھ مزید بات چیت کے لیے تیار نہیں ہے۔ شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے سربراہ وونگ جونگ گن کے سرکاری نیوز ایجنسی میں شائع کالم میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا امریکا کے ساتھ براہِ راست مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔ اس سے قبل شمالی کوریا کے سینئر سفیر چوئی سن ہوئی نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ امریکا غلطی پر ہے اگر وہ یہ سمجھتا ہے کہ اب بھی دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات ہو سکتے ہیں۔یہ مذاکرات امریکا کے اپنے سیاسی بحران پر قابو پانے کے لیے ایک آلے کے سوا کچھ نہیں ہوں گے۔ کوریائی خطے کو ہتھیاروں سے پاک کرنے کے سلسلے میں صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان پہلی ملاقات جون 2018ء میں سنگاپور میں ہوئی تھی، جس کے بعد سے دونوں رہنماؤں میں 3 بالمشافہ ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔