کے الیکٹرک کے پولز پر بے ہنگم تاروں کی تنصیب کیخلاف درخواست

178

کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے شہر میں کے الیکٹرک کے پولز پر بے ہنگم تاروں کی تنصیب کے خلاف درخواست پر دیگر فریقین سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں شہر میں کے الیکٹرک کے پولز پر بے ہنگم تاروں کی تنصیب کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت کمشنر کراچی کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں بتایا گیا کہ شہر بھر سے تاریں ہٹانے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ اور چیف سیکرٹری سندھ نے بھی سخت احکامات جاری کیے تھے، تاروں کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے اور لوگوں کی جانوں کو بھی خطرہ رہتا ہے ، تاروں کے گرنے کی وجہ سے کسی وقت بھی حادثہ پیش آسکتا ہے۔ کے الیکٹرک کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ بار بار تنبیہ کے باوجود کیبلزاور انٹرنیٹ کی تاریں کے الیکٹرک کھمبوں سے نہیں ہٹائی گئیں، بارشوں کے دوران غیر ضروری تاروں میں کرنٹ آنے کی وجہ سے لوگوں کی اموات ہوتی ہیں، کیبل کی تار کے الیکٹرک کے تاروں کے ساتھ ملی ہوئی ہیں، بارشوں کے دوران بجلی کی فراہمی کے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے دیگر فریقین سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔