ڈائریکٹوریٹ پرائمری اسکولزمیں من پسند افراد کو نوازنے کا سلسلہ جاری

181

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ڈائریکٹوریٹ پرائمری اسکولز کراچی میں من پسند افراد کو اعلیٰ عہدوں سے نوازنے کا سلسلہ جاری ہے ،ڈائریکٹر پرائمری اسکولز کراچی سیلم اعوان نے 19گریڈ کے عہدے پر18گریڈ کے افسر کو تعینات کر دیا جس کے باعث عہدے کے اہل افراد میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسکولز پرائمری کراچی سلیم اعوان نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری ویسٹ کے عہدے پر تعینات18گریڈ کے سبجیکٹ اسپیشلسٹ غلام کتھلانی کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او)پرائمری ویسٹ کا بھی اضافی چارج دیدیا ہے اس حوالے سے 6جولائی2020ء کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ ڈی ای او ویسٹ پرائمری کا عہدہ19گریڈ کا ہے جس پر ڈائریکٹر اسکولز پرائمری نے18گریڈ کے افسر کو تعینات کیا ۔بتایا جاتا ہے کہ2014ء میں عدالت نے واضح احکامات جاری کیے تھے کہ سبجیکٹ اسپیشلسٹ انتظامی عہدے پر تعینات نہیں کیا جاسکتا ،جس کے بعد سندھ بھر میں2019ء میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ افسران کو انتظامی عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا مگر ایک بار پھر اعلیٰ افسران کی جانب سے عدالتی احکامات کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔