شہر کی مزید 10عمارتیں خطرناک قرار‘خالی کرانے کیلیے انتباہی نوٹس

279

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے شہر میں مزید10 سے زائد عمارتوںکو خطرناک اور ناقابل استعمال قراردیتے ہوئے مکینوں کو عمارتیں فوری خالی کرنے سے متعلق انتباہی نوٹسز جاری کردیے جبکہ ڈائریکٹرجنرل کی ہدایات پر ڈیمالیشن اسکواڈ نے شہر کے مختلف علاقوں میں اضافی منزلوں، استعمال اراضی کے برخلاف تعمیرات سمیت دیگر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں منہدم وسربمہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کی خصوصی ہدایات پر ماہرین تعمیرات انجینئرز پر مشتمل کمیٹی برائے خطرناک عمارات نے حالیہ بارش کے فوری بعد لیاقت آباد ،صدر اور لیاری ٹائون میں مختلف عمارتوں کا سروے کیا، جس کے نتیجے میں ان علاقوں کی مزید 10 سے زائد عمارتوں کو خطرناک اور ناقابل رہائش واستعمال قرار دیاہے جس کے بعد قبل ازیں ایس بی سی اے کی جانب سے 422 عمارتوں کی فہرست میں مزید اضافہ ہوگیاہے،تمام خطرناک قراردی گئی بلڈنگز کو فوری خالی کرنے سے متعلق مکینوں کو انتباہی نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں ۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹرجنرل ایس بی سی اے کی ہدایات پر ڈیمالیشن اسکواڈ کی جانب سے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف انہدمی مہم تیزی سے جاری ہے۔ مذکورہ بالاانہدامی کارروائیاں متعلقہ ڈپٹی واسسٹنٹ ڈائریکٹرزاورڈیمالیشن آفیسرز کی زیرنگرانی عمل میں لائی گئیں جبکہ اس دوران امن وامان کی صورتحال کوقابومیں رکھنے کے لیے ایس بی سی اے پولیس فورس بھی ان کے ہمراہ موجودتھی۔