ناصر شاہ کا شہر کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے طویل دورہ

177

کراچی(صباح نیوز)وزیر بلدیات، اطلاعات، جنگلات و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے شہر کی صورت حال کا جائزہ لینے کے سلسلے میں سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ،پراجیکٹ ڈائریکٹر CLICKزبیر چنہ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کے ہمراہ شہر کا طویل دورہ کیا اور اس موقع پر ضروری احکامات جاری کیے۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر مختلف شاہراہوں اور اضلاع کے دورے کے موقع پر نالوں کی مسلسل صفائی کے حوالے سے افسران کو ہدایات دیں۔صوبائی وزیر نے نالہ ہجرت کالونی، کرلی نالہ، نیوکراچی نالہ سمیت مختلف برساتی نالوں اور فشری میں واقع نالے کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ شہر کے38 بڑے نالے کے ایم سی کے زیر انتظام ہیں جن کی صفائی بھی بنیادی طور ان کی ذمہ داری بنتی ہے،تاہم ورلڈ بینک کے تعاون سے سوئیپ کے تحت برساتی نالوں کی صفائی کے لیے جامع منصوبہ ترتیب دیا گیا ۔