کورونا سے ہلاکتوں میں خطرناک حد تک اضافے کا انتباہ

512

جنیوا/ واشنگٹن/ نیویارک/ برازیلیہ/ بگوٹا (خبر ایجنسیاں) عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا مزید تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث آنے والے دنوں میں اموات میں بھی زبردست اضافے کا خدشہ ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسی سروسز کے سربراہ ڈاکٹر مائیکل رائنکہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کی وجہ یہ نہیں ہے کہ اب لوگوں کا ٹیسٹ زیادہ ہو رہا ہے بلکہ اس کا اہم سبب وبا کا تیزی سے پھیلنا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ جس تیزی سے وبا پھیل رہی ہے اس سے متاثرین کی اموات میں بھی زبردست اضافے کا خدشہ ہے اور سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ وبا سے متاثرین کی تعداد روز بروز تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر غور کیا جائے تو اپریل اور مئی میںہم ہر روز تقریباً ایک لاکھ کیسز سے نمٹتے تھے اور آج یہ تعداد 2 لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور یہ صرف ٹیسٹنگ کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ وبا میں تیزی آئی ہے۔ علاوہ ازیں دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ19 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس سے اب تک 5 لاکھ 46 ہزار سے زاید افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے امریکا دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اموات کے اعداد و شمار میں امریکا پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔ برازیل کے صدر بھی اس وائرس کا شکار ہوگئے۔ صدر جیئر بولسونیرو نے انٹرویو کے دوران اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کا بتایا۔ کولمبیا میں وائرس کی روک تھام کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن میں یکم اگست تک کی توسیع کردی گئی۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ نے عالمی ٹیم چین بھیجنے کا اعلان کردیا تاکہ وبا پر مزید تحقیق کی جاسکے۔