کراچی میں تیسرے روز بھی بارش‘ کرنٹ لگنے سے مزید 6ہلاک

693
کراچی: کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث کارساز پر بجلی کی تاریں گری ہوئی ہیں ‘ چھوٹی تصویر کرنٹ لگنے سے جاں بحق موٹر سائیکل سوارمحمد رفیق کی لاش پڑی ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی رات گئے تک جاری رہا جب کہ کرنٹ لگنے کے باعث 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری تھا۔ ڈیفنس، ابراہیم حیدری، کورنگی، قیوم آباد، اختر کالونی، محمودآباد، یونیورسٹی روڈ، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر اور نارتھ کراچی میں کہیں تیز اور کہیں بوندا باندی جاری رہی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ماڈل کالونی اور کریم آباد میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص اور مزدور جاں بحق ہوا جب کہ کارساز میں بجلی کا تار گرنے سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 50 سالہ محمد رفیق ولد حیات محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ناگن چورنگی کے علاقے مسلم ٹاؤن سیدہ مسجد اور الحاج ریسٹورنٹ کے قریب کرنٹ لگنے سے 10 سالہ بچہ اور 30 سالہ شخص جاں بحق ہوگئے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کارساز پر ہونے والے افسوسناک واقعے سے آگاہ ہیں۔کے الیکٹرک کی متعلقہ ٹیمیں بروقت امداد کے لیے موقع پر موجود ہیں جب کہ واقعے پر کے الیکٹرک نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افسر کو معطل کردیا ہے تاہم واقعے کی تفصیلات سے متعلق مزید تفتیش کررہے ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مون سون سسٹم شہر کے جنوب مشرق میں موجود ہے تاہم کل سے سمندری ہوائیں بحال ہونے پر گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔ رواں مون سون اسپیل کے بعد کراچی کے موسم میں تبدیلی آئے گی جب کہ کراچی میں 15 جولائی کے بعد مون سون کا دوسرا اسپیل آسکتا ہے۔