سندھ روشن کرپشن : وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نیب میںپیش‘ ایک گھنٹہ پوچھ گچھ

248
اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)سندھ روشن کرپشن کیس میں وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے نیب کے سامنے پیش ہو کر سوالات کے جوابات دے دیے، اس سے قبل وہ 2بار نیب کی ٹیم کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سندھ روشن کرپشن کیس میں نیب اولڈ ہیڈکوارٹر پہنچے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نیب کی مشترکہ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوئے، جے آئی ٹی کی سربراہی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے کی۔ نیب کی 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے سندھ روشن کرپشن کیس میں مراد علی شاہ سے تقریباً ایک گھنٹہ سے زاید پوچھ گچھ کی، وزیراعلیٰ نے 19 سوالات کے جوابات جمع کرائے جبکہ نیب نے مرادعلی شاہ سے سوالنامے کا تحریری جواب مانگ لیا۔ یاد رہے وزیراعلیٰ سندھ نے6 جولائی کو پیشی سے معذرت کرلی تھی، جس پر انہیں 8جولائی کو طلب کیا گیا تھا، مراد علی شاہ اس سے پہلے 2 بار نیب کی ٹیم کے سامنے پیش ہو چکے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور صوبائی وزیر خزانہ 9 کروڑ روپے رشوت لے کر 4 ارب روپے کے اسٹریٹ لائٹس ٹھیکے مختلف کمپنیوں کو دیے۔