برہان وانی کی چوتھی برسی ‘مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

988
لاہور: یوتھ فورم فار کشمیر کے کارکنان برہان وانی کے یوم شہادت پر بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کررہے ہیں

سری نگر،لندن ،اسلام آباد (نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں معروف نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی اور ان کے دو ساتھیوں کے چوتھے یوم شہادت پر (بدھ) کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال رہی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی اور کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی۔ بھارتی فوجیوںنے برہان وانی کو ان کے دو ساتھیوں سرتاج احمد اور پرویز احمد کے ساتھ 8 جولائی 2016 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ماورائے عدالت قتل کردیاتھا۔ سیدعلی گیلانی نے اپنے ایک ٹویٹ میں برہان وانی اور 13جولائی 1931کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لوگوںسے کہاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھروں میں جائیں۔ انہوںنے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 13جولائی کو بھی مکمل ہڑتال کریں اور پورے مقبوضہ کشمیر میںمزار شہداء پر دعائیہ تقاریب کا انعقاد کر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں۔ دریں اثنا قابض انتظامیہ نے لوگوں کو بھارت مخالف مظاہروں سے روکنے کے لیے پورے مقبوضہ علاقے میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ انتظامیہ نے پلوامہ ، اسلام آباد، شوپیاں، کولگام اور سوپور کے علاقوں میں 2جی انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہیبرہان وانی کی برسی کے موقع پر مظاہرے روکنے کے لیے بھارتی فورسز نے سری نگر، بڈگام، گندربل، اننت ناگ، شوپیاں، پلوامہ، کلگام، کپواڑہ اور بارہ مولہ میں گھر گھر چھاپے مارے اور سیکڑوں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔گرفتار کشمیری نوجوانوں کو مختلف تھانوں میں قید کیا گیا ہے۔حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا مقصد عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری مقبوضہ وادی پر بھارت کے جبری تسلط کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔حریت کانفرنس کے رہنماؤں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر قیمت پر حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہدِ آزادی جاری رکھیں گے۔غلام محمد خان سوپوری، امتیاز ریشی ، پیپلز فریڈم لیگ ، تحریک وحدت اسلامی اور اسلامی تنظیم آزادی سمیت حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے بھی برہان وانی اور دیگر شہدا ئے کشمیرکو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے بہادر نوجوانوں پر فخر ہے جو آزادی کیلیے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔دریں اثناء کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے برہان وانی کے یوم شہادت پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نوجوان رہنما کشمیری عوام کے لیے آزادی اور جرات کی علامت بن گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کی شہادت کے بعد سے اب تک 28 خواتین سمیت ایک ہزار 237 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیاہے۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ ان شہادتوں سے 100 خواتین بیوہ اور 227 بچے یتیم ہوگئے ہیں۔ رپورٹ میںکہاگیا ہے کہ بھارتی فوج کی طرف سے پرامن مظاہرین پر اور علاقے میں محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران فائرنگ سے 29ہزار93 افراد زخمی ہوئے ہیںجبکہ18 ماہ کی حبہ جان سمیت 385 کشمیری پیلٹ لگنے سے ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوگئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فورسز اہلکاروں نے کم از کم 25ہزار489 افراد کو گرفتار کیا اور ایک ہزارچودہ خواتین کی بے حرمتی کی یا ان سے بدتمیزی کی جبکہ 4ہزار257 مکانات اور عمارات کو نقصان پہنچایا۔حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے کی قیادت محمد فاروق رحمانی نے کی۔ مظاہرین نے شہید برہان وانی کی تصاویر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔دریں اثناء برطانیہ میںمقیم کشمیریوں اور پاکستانیوںنے 8جولائی کو برہان وانی کے چوتھے یوم شہادت کو یوم مزاحمت کے طورپر منایا اور لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق برطانیہ میں مقیم سینکڑوں کشمیریوںاور پاکستانیوںنے بھارتی ہائی کمیشن کے باہر جمع ہو کر بھارت مخالف مظاہرہ کیااور بھارت مخالف نعرے بلند کیے۔ اس موقع پرتحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی سمیت مقررین نے کہاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیرمیں جاری غیر انسانی فوجی محاصرہ اور پابندیاں ختم کرانے کیلیے بھارت پر دبائو بڑھانا چاہیے۔علاوہ ازیں ہرسال کی طرح اس سال بھی کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کی برسی کے موقع پر سوشل میڈیا پر خصوصی ٹرینڈ چلائے گئے جن میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور خراج عقیدت پیش کیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی شہید کی چوتھی برسی کے موقع پر پاکستانی و کشمیریوں سمیت دنیا بھر میں مظلوم اقوام کی آواز اٹھانے والوں نے برہان مظفر وانی کو آزادی کا ہیرو قرار دیتے ہوئے زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ بدقسمتی سے اس سال بھی سوشل میڈیا سائٹ فیس بک نے برہان مظفر وانی کے نام سے کی جانے والی پوسٹوں کو نہ صرف ڈیلیٹ کیا بلکہ پوسٹ کرنے والے صارف پر تین دن سے 90دن تک کیلیے مزید پوسٹ کرنے پر پابندی عائد کردی اس کے ساتھ سینکڑوں اکائونٹس بلاک بھی کیے گئے۔قبل ازیں حزب المجاہدین جموں کشمیر کے کمانڈر برہان وانی شہید کے چوتھے یوم شہادت پر مظفر آباد میںبرہان وانی شہید کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میںحزب المجاہدین نے بھارت سے مقبوضہ ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی تک جہاد جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ اس موقع پراقوام متحدہ ،انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی برادری سے کشمیر کی صورت حال پر فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ بھارت کو جارحیت سے روکا جائے ۔ مقبوضہ کشمیر میںکرفیو اور لاک ڈائون ختم کیا جائے ،سلامتی کونسل اپنا نمائندہ بھیج کر مقبوضہ کشمیر کے حالات کا جائزہ لے ،حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کیلیے عملی اقدامات کر ے۔ کانفرنس کی صدارت حزب کے ڈپٹی سپریم کمانڈر سیف اللہ خالد نے کی دیگر قائدین میں نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر شیخ عقیل الرحمن، حزب کے مرکزی کمانڈر ملک محمد عبداللہ، کمانڈر شمشیرخان، کمانڈر محمد اعظم غازی، کمانڈر محمد اصغر رسول اور خالد محمود زیدی موجود تھے۔ کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے سینیئر کمانڈر سیف اللہ خالد نے کہا کے برہان وانی شہید کے بعد حزب سے وابسطہ 450 کشمیری نوجوانوں شہید ہوچکے ہیں جن میں اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ڈاکٹر سبزار، پروفیسر رفیع بٹ، ڈاکٹر منان بشیر وانی، جنید اشرف صحرائی سمیت سینکڑوں ہمارے لخت ہائے جگر شہید ہوگئے آج ہم اس دن کے موقع پر بھارت سے تجدید عہد کرتے ہیں ہم اپنے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔تقریب کے آخری میں شہداء کشمیرکیلیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔