کے الیکٹرک حکومتی گٹھ جوڑ: جماعت اسلامی کا11جولائی کو شا رع فیصل پر دھرنے کا اعلان

397

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ سخت گرمی کے باوجود شہر بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ ، اووربلنگ ، عوام پر ظلم و لوٹ مار اور بارش کے دوران کے الیکٹرک کی نا اہلی کے باعث کرنٹ لگنے سے اموات پر کے الیکٹرک حکومتی گٹھ جوڑ کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت ہفتہ 11جولائی کو 4بجے دن شارع فیصل نرسری پر دھرنا دیا جائے گا،کے الیکٹرک کراچی کے شہریوں کے لیے عذاب بن گیا ہے اور کے الیکٹرک کو وفاقی وصوبائی حکومتوں کی سرپرستی حاصل ہے ، حکومتوں میں شامل پارٹیاں کے الیکٹرک کی سرپرستی کررہی ہیں اور اس ادارے کی جانب سے کراچی کے شہریوں پر ظلم اور لوٹ مار میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔کراچی کے شہر ی اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے ۔جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے ستائے ہوئے عوام کے ساتھ مل کر بھر پور احتجاج کرے گی اور عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کرے گی ۔یہ فیصلہ ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے نظم کے ایک مشاورتی اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب میںحافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ دھرنے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اور ایسی قیادت کاساتھ دیں جو واقعی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔حکومتوں میں شامل جماعتیں کراچی کے عوام کی آنکھوں میںدھول جھونک رہی ہیں ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے میں بھی یہی جماعتیں شامل ہیں اور یہی پارٹیاں نام نہاد طریقے سے کوشش کررہی ہیں کہ کسی طرح کے الیکٹرک کو سپورٹ کیا جائے اور ریلیف دیا جائے ۔خواہ عوام کتنے ہی عذاب اور مسائل کا شکار رہیں ، کے الیکٹرک کی کارکردگی کی بنیاد پر ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اس کا لائسنس منسوخ کیا جاتا‘ اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاتی لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں کے الیکٹرک نے شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بھی شہریوں کو اذیت میں مبتلا کیا اور کراچی کے شہریوں پر ایک بار پھر بجلی کی قیمت میں اضافہ کر کے شہریوں پر بجلی بم گرایا ہے اور قیمتوں میں 2روپے89پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔گزشتہ سال بھی بارشوں میں کے الیکٹرک کی نا اہلی اور ناقص انتظامات کے باعث شہر بھر میں کرنٹ لگنے کے کئی واقعات رونما ہوئے تھے اور 20سے زاید قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔ نیپرا نے اس حوالے سے ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی بنائی تھی جس کی رپورٹ میں اکثر اموات کی ذمے داری کے الیکٹرک پر عاید کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی ۔ حالیہ بارشوں کے دوران بھی کرنٹ لگنے سے اموات ہوئی ہیں اور اطلاعات کے مطابق 6افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں ۔کے الیکٹرک عوام کی قاتل بن گئی ہے ۔