نوڈیرو پاور ریفرنس: راجا پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کی بریت کی درخواستیں مسترد

175

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف سمیت تمام شریک ملزمان کی نوڈیرو ٹو رینٹل پاورریفرنس میں درخواست بریت مسترد کردی، عدالت نے پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کا ٹرائل جاری رکھنے کا فیصلہ سنا دیا۔بدھ کو راجہ پرویزاشرف اور دیگر شریک ملزمان کی بریت پرفیصلہ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سنایا اور درخواستِ بریت مسترد کردی۔نوڈیرو ٹو ریفرنس میں کل 8ملزمان نے بریت کی درخواست دائرکررکھی تھی۔ سیکرٹری پانی وبجلی شاہد رفیع ،سابق ایم ڈی پیپکوطاہربشارت چیمہ ملزمان میں شامل ہیں۔ ملزمان پراختیارات کے ناجائزاستعمال کے الزامات ہیں۔عدالت نے سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع کی درخواست بریت بھی مستردکردی۔طارق نذیر،عبدالمالک، رسول خان محسود کی درخواست بریت بھی مسترد کردی گئی ۔ عدالت نے شیخ زراراسلم، طاہر بشارت چیمہ، ملک محمد رضی عباس، وزیرعلی بھائیو اوررانا محمد امجد کی درخواست بریت بھی مستردکردی ۔عدالت کے مطابق سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کو کرپشن کیس سے بری نہیں کیا جا سکتا۔ جج محمد بشیر نے ریمارکس دئیے کہ اس کیس میں خزانے کو نقصان پہنچانے کے بظاہر شواہد موجود ہیں،تمام ملزمان کی درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں، ملزمان پر ملی بھگت سے خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔عدالت کی جانب سے مزید ریمارکس دئیے گئے کہ پروسیسنگ فیس کی مد میں دی گئی رقوم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ نیب راولپنڈی نے2013میں نوڈیرو ٹو رینٹل پاور ریفرنس دائرکیا تھا۔ پرویزاشرف اور10شریک ملزمان نے بریت کی درخواست دائرکر رکھی تھی۔ نیب ریفرنس کے مطابق گدو پاور پلانٹ کی مشینری نوڈیرو ٹو پاور پلانٹ کومنتقل کرنیکی کوشش کی گئی،نیپرا نے گدوپاورپلانٹ کی مشینری منتقل کرنیکی منظوری دینے سے انکار کردیا،مشینری منتقلی کیلیے ملزمان نے75لاکھ روپے کی پروسیسنگ فیس پہلے ہی جاری کررکھی تھی۔ ریفرنس میں بتایا گیا کہ غیرقانونی کام کے لیے فیس دے کرخزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت پہلے ہی راجہ پرویز اشرف کو پیراں غائب ریفرنس میں بری کرچکی ہے۔ جج محمد بشیر نے پیراں غائب ریفرنس میں پرویز اشرف کی بریت کا فیصلہ سنایا تھا۔ شریک ملزمان شوکت ترین ،طاہر بشارت چیمہ بھی بری کردئیے گئے۔پیراں غائب ریفرنس نیب راولپنڈی کی جانب سے 2014 میں دائر کیا گیا تھا۔192میگا واٹ کا رینٹل پاورپلانٹ ملتان کیعلاقے پیراں غائب میں لگایا گیا تھا۔ اس منصوبے میں راجہ پرویز اشرف پر بطور وزیر پانی و بجلی کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کا الزام تھا۔