پاکستان اور اسپین دوطرفہ سیاسی تبادلے مزید بڑھانے پر متفق

263

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور اسپین نے مختلف سطحوں پر دوطرفہ سیاسی تبادلے مزید بڑھانے اور پاک اسپین سالانہ باہمی مشاورت کا اگلا دور جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور اسپین کی ریاستی سیکرٹری برائے امور خارجہ کرسٹینا گالاچ کے درمیان گزشتہ روز وڈیو کانفرنس منعقد ہوئی۔ بات چیت کے دوران کوویڈ۔19 وبائی امراض، دوطرفہ تعلقات، کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف امور زیر بحث لائے گئے۔ سیکرٹری خارجہ نے کوویڈ۔19 کے باعث اسپین میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہارکیا اور اس وائرس پر قابو پانے سے متعلق اسپین کی کوششوں اور معیشت کی بحالی کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے اپنے ہسپانوی ہم منصب کو انسانی جانیں بچانے، ذریعہ معاش کے تحفظ اور معاشی استحکام کے حوالے سے حکومت پاکستان کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات پر بریف کیا۔ دونوں فریقین نے وبائی امراض کے سماجی و معاشی اثرات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری خارجہ نے یورپی یونین اور جی 20 دونوں میں اسپین کی حمایت کو سراہا۔ سیکرٹری خارجہ نے یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی(ای اے ایس اے) کے حالیہ فیصلہ کے بعد یورپی یونین میں پی آئی اے کی پروازوں کی عارضی معطلی پر پاکستان کی تشویش کو اجاگر اور اس پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے اپنی ہسپانوی ہم منصب کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور انسانی صورتحال، مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے اور ایل او سی پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجے میں امن و سلامتی کو خطرات کے بارے میں بھی بریف کیا۔