برطانیہ کو سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کرنے کی اجازت مل گئی

496

لندن:برطانیہ کی ایک عدالت نے حکومت کو سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کی عدالت نے سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کرنے پر سےپابندی ہٹادی ہے،جس کے بعدبرطانوی حکومت سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت دوبارہ شروع کر سکتی ہے۔

خیال رہے کہ  عدالت نے ایک سال قبل  یمن میں انسانی حقوق  کی پامالی کے الزام پر سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت پر پابندی لگادی دی تھی۔عدالت کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت یمن میں انسانی حقوق کی پامالی کررہی ہے اور برطانوی اسلحہ غیر مسلح افراد پر استعمال کر رہا ہے۔

برطانوی وزیر تجارت لِز ٹرس نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ حکومت نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ سعودی عرب نے بہت محدود پیمانے پر بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2019 میں برطانیہ سے 15 ارب پاؤنڈ مالیت کا اسلحہ خریدنے کا معاہدہ کیا تھا تاہم عدالت کی پابندی کے باعث یہ اسلحہ سعودی عرب کو فروخت نہیں کیا جاسکا تھا۔