کلبھوشن یادیو کا سزا کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے سے انکار

748

اسلام آباد: ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان اور ڈی جی جنوبی ایشیا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو کلبھوشن یادیو تک  دوبارہ قونصلر رسائی کی پیشکش کی ہے،امید ہے بھارت پاکستان کی پیشکش کا مثبت جواب دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی عدالت کے من و عن عملدرآمد کیا،پاکستان کا قانون فیصلے کا ازسر نو جائزہ لینے کی اجازت دیتا ہے، مگر کلبھوشن یادیو نے عدالت میں سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے اپنا وکیل پیش کرنے کی درخواست کی ہے جس کو رد کردیا ہے، صرف پاکستانی ہائی کورٹ کے لائسنس یافتہ وکلاء پیش ہوسکیں گے، کلبھوشن یادیو یا اسکا وکیل رحم کی اپیل دائر کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی عالمی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ اور پاکستان آئی سی جے کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تیار ہے،احمد عرفان کا کہنا تھا کہ بھارت معاملے کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے قانونی راستہ اختیار کرے۔