عید قربان نزدیک آتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو

944

کراچی: عید قربان نزدیک  آتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا، دوہفتے قبل 15سے 20روپے  کلوملنے والا ٹماٹر اچانک 120روپے کلو فروخت ہونے لگا۔

تفصیلات کے مطابق چیزیں مہنگی ہوئی تو قیمتوں کو مستحکم رکھنے والے ادارے کے مجسٹریٹ بھی منظر عام سے غائب نظر آئے،منافع خور اپنے فائدے کے لیے شہریوں کی کھال اتارنے لگے۔

ٹماٹر کے نرخ سن کر شہریوں کے کان سرخ ہونے لگے، عید کے قریب آتے ہی ٹماٹر سمیت تمام سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے،مصالحہ جات کی قیمتیں بھی قوت خرید سے باہر ہوگئی ہیں۔

ٹماٹر سمیت تمام سبزیوں اور مصالحہ جات کی قیمتیں بھی آسمان پر جا پہنچی ہیں ،منافع خوروں کا شہریوں کے چولہے ٹھنڈے کرنے کے لیے معاشی استحصال شروع ہوگیا۔

295روپے کلو ملنے والا ادرک بھی 400روپے کلو مہنگا فروخت ہونے لگا،دیسی لہسن کی سرکاری قیمت 180روپے کلو ہے لیکن مارکیٹ میں 320روپے کلو فروخت ہورہاہے،اسی طرح سبز مرچ کی سرکاری قیمت 88روپے کلو ہےلیکن بازار میں 120روپے فی کلوکے حساب سے دستیاب ہے،آلو اور پیاز کی قیمتوں میں بھی من مانی رقم بٹوری جارہی ہے۔

مہنگائی سے بے حال شہری کے الیکڑک کے بجلی کےبلوں کے بعد سبزیوں پر بھی پریشان ہوگئے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ہر عید پر چیزیں مہنگی کردی جاتی ہیں ، حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے آپس میں دست وگریبا ہیں،سبزی فروش اپنی مرضی کی قیمتوں پر سبزی فروخت کررہاہے،اگر سبزی کی قیمتوں میں کمی نہ آئی تو عید کے بعد اس بڑھ کر مہنگائی کا طوفان آسکتا ہے۔