افتخار ملک کا صدرسارک چیمبر کے عہدے پر فائز ہونا ملک کے لیے اعزاز ہے، وزیر اعظم

136

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان ملک کے معروف بزنس مین اور پاکستان کی تاجربرادری کے رہنما افتخار علی ملک کو 2سال کے لیے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سارک تنظیم کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور وہ اس کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد پر قائم ہے،مجھے یقین ہے کہ تجربہ کار تاجر رہنما افتخار علی ملک علاقائی تجارت کے فروغ اور سارک ممبر ممالک کو قریب لانے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے افتخار علی ملک کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ان کا اس عہدے پر فائز ہونا ملک کے لیے ایک اعزاز ہے۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس علاقائی فورم کو خودمختاری اور مساوات کے اصول پر مبنی باہمی تعاون کے لیے ایک متحرک تنظیم بنانے کی کوشش کی ہے، سارک کے اراکین دیگر ممبر ممالک کی معیشتوں کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں،تنظیم کو خطے کی معاشی ، ثقافتی اور معاشرتی نمو کے لیے کام کرنے اور خطے میں خوشحالی کے لیے ممبر ممالک کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔سارک چیمبرآف کامرس کے صدراورچیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک نے مبارکباد کے پیغام پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے اپنی بھر پور کوشش کریں گے۔
،پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے جنوبی ایشیا میں محفوظ اور پرامن ماحول انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ علاقائی تعاون کو مزید تقویت دینے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سارک چیمبر کے صدر کے عہدے پر فائز ہونے کا مطلب رکن ممالک کے مابین اس حوالے سے نئے سرے سے تحریک پیدا کرنا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک چیمبر کاسیکریٹریٹ پاکستان لانا اور سارک چیمبرکی اسٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ اسلام آباد میں تعمیرکرنا صرف میرے لیے ہی نہیں بلکہ میرے ملک پاکستان کے لیے اعزاز کا باعث ہے اور میری ہرممکن یہ کوشش ہوگی کہ سارک چیمبر کا سیکریٹریٹ نہ صرف پاکستان میں رہے بلکہ وہ پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہو۔