جرائم کیخلاف رینجرز سندھ پولیس کیساتھ کھڑی ہے،میجرجنرل عمر بخاری

260

کراچی(آن لائن)ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے سینٹرل پولیس آفس کراچی کا دورہ کیا۔سی پی او میں آمد پرآئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے انکا استقبال کیا۔ڈی جی رینجرز سندھ نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور شہدائے سندھ پولیس کے لیے فاتحہ خوانی کی اور پھول
چڑھائے ۔آئی جی سندھ سے ملاقات کے دوران ڈی جی رینجرز سندھ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردانہ حملے کے دوران پولیس ٹیم میں شامل غازیوں کی جوانمردی، جرأت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ اس واقعہ میں شہید پولیس آفیسر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تعزیت کی۔اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ نے اپنے محکمے کی جانب سے مستقبل میں بھی سندھ پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کے خلاف رینجرز سندھ پولیس کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمہ وقت مستعد اورچوکنا رہتے ہوئے پولیس کے شانہ بہ شانہ سیکورٹی کے مجموعی اقدامات کو مزید ٹھوس اورغیرمعمولی بنائیگی۔آئی جی سندھ نے سی پی او آمد پر ڈی جی رینجرز سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کے خلاف یقینی کامیابی کا انحصار پولیس،رینجرز اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں کے مابین نا صرف بہترین اور مؤثر روابط پر ہے بلکہ معلومات کے تبادلوں اور ان معلومات کو بروقت فالو کرکے منظم اور مشترکہ ایکشن پر بھی ہے ۔