ایشیائی بینک 359 ملین ڈالر سندھ حکومت کو دے گا

262

اسلام آباد(اے پی پی) ایشیائی ترقیاتی بینک سندھ میں شعبہ تعلیم اور کراچی میں ٹرانسپورٹ بس پروجیکٹ کے لیے 359 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا۔ اس ضمن میں
فریقین کے مابین معاہدے پرپہلے سے دستخط ہوگئے ہیں۔معاہدے کے تحت اے ڈی بی نے 235 ملین امریکی ڈالر بطور قرض فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جبکہ گرین کلائیمٹ فنڈ (جی سی ایف) اس منصوبے کے لیے 37.2 ملین امریکی ڈالر قرض اور 11.8 ملین ڈالر بطور گرانٹ فراہم کرے گا۔ مالی اعانت کے معاہدے کے تحت حکومت سندھ اپنے شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنا کر جامع اور پائیدار ترقی کو ترجیح دے گی۔ اس منصوبے کے بنیادی مقاصد سڑکوں پر ٹریفک کی مجموعی تعدادکو کم کرنا ہیں ، جس سے گاڑیوں کے آپریٹنگ اخراجات کی بچت ہوگی۔ کم کاربن کے اخراج کے ذریعے ہوا کے مجموعی معیار اورعوامی صحت کو بہتر بنانے اور شہریوں پر آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے جدید ایندھن اسکیم اس منصوبے میں شامل ہے ۔سندھ سیکنڈری ایجوکیشن پروجیکٹ کے معاہدے کے تحت صوبہ سندھ میں اسکول کے بنیادی ڈھانچے ، ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے اور ثانوی تعلیم میں اصلاحات کو مستحکم کیا جائے گا۔ اس منصوبے پر محکمہ تعلیم و خواندگی عمل درآمد کرے گا ، منصوبے کے تحت جنوبی سندھ کے 10 اضلاع میں نئے سیکنڈری اسکول بلاکس تعمیر کرنے اور5 اہم مضامین یعنی انگریزی ، ریاضی، فزکس ، حیاتیات ، کیمسٹری اور اساتذہ کی تدریسی صلاحیت کو بہتر بنایا جائے گا ۔ یہ پروگرام سندھ ایجوکیشن سیکٹر پلان 2019 – 2023ء کا تسلسل ہے۔