ٹرین حادثہ متعلقہ اہلکاروں کی غفلت ہے ، سکھ برادری کے ساتھ ہیں ،سینیٹر مشتاق خان

224

پشاور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان اور ممبر صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان شیخوپورہ کے قریب ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والے سکھ خاندانوں کے لواحقین سے تعزیت کے لیے گوردوارہ جوگا سنگھ محلہ جوگن شاہ گئے۔ جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر عتیق الرحمٰن اور دیگر ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان اور عنایت اللہ خان نے غمزدہ خاندانوں سے سانحے پر افسوس کا اظہار کیا اور تعزیت کی۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے غمزدہ خاندانوں کے لواحقین کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور ان کے حقوق کے لیے سینیٹ اور صوبائی اسمبلی میں آواز اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ٹرین کا حادثہ افسوسناک اور متعلقہ اہلکاروں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ حکومت ٹرین حادثے کے ہلاک شدگان کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے اور ان کے نقصان کی تلافی کرے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے نے پورے ملک کو غمزدہ کردیا ہے اور پورے پاکستان کی ہمدردیاں سکھ برادری کے ساتھ ہیں۔ جماعت اسلامی سکھ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے جس طرح اپنی ایمبولینسوں کے ذریعے ہلاک شدگان کی نعشوں کو پشاور سے اٹک شمشان گھاٹ منتقل کیا اسی طرح سکھ برادری سے تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ اور صوبائی اسمبلی سمیت اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کا بنیادی کردار ہے۔ اسلام نے ہمیں اقلیتوں کا خیال رکھنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے احکامات دیے ہیں۔