امکانی برسات سے قبل تمام نالوں میں صفائی کرائی جائے، زاہد میمن

278

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر میرپور خاص زاہد حسین میمن نے کہا ہے کہ امکانی بارشیں گزشتہ بارشوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوں گی، متعلقہ افسران کو آبادیوں کو نقصان سے بچانے کے لیے تیاری بھی اس کے مطابق کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے متعلقہ افسران سے بارشوں کے نقصانات سے بچاؤ کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جن مقامات پر بارش کا پانی زیادہ جمع ہونے کا اندیشہ ہے، وہاں بارشوں سے قبل پانی نکالنے والی مشینیں لگائی جائیں تاکہ بارشوں کے دوران آبادیوں میں پانی جمع ہونے سے روک کر آبادیوں کو نقصان سے بچایا جاسکے۔ مطلوبہ مشینری، ڈیزل، پانی کی مشین میں استعمال ہونے والے پائپ، چھوٹی بڑی ڈی واٹرنگ مشینیں تیار حالت میں رکھی جائیں، مطلوبہ اسٹاف کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کے ہمراہ ریلوے بائی پاس، غریب آباد اور دیگر پمپنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مین نالوں سمیت تمام نالوں میں صفائی کرائی جائے تاکہ پانی کی نکاسی میں رکاوٹ نہ ہو، بارشوں سے قبل گٹروں کے ڈھکن لگائے جائیں کیونکہ بارشوں کے دوران کھلے گٹروں سے انسانی جانیں ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میرپور خاص غلام حسین کانہیوں کو ہدایت کی کہ حمید پورہ کالونی، سول اسپتال اور دیگر واٹر ڈسپوزل یونٹوں کے دورے کرکے رپورٹ دی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے حمید پورہ کالونی، سول اسپتال اور دیگر واٹر ڈسپوزل یونٹوں کا دورہ کیا۔