محمود خان کا نوتعمیر تعلیمی و طبی عمارتوں کی سپردگی سے متعلق اظہار عدم اطمینان

151

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں اسکولوں، کالجوں اور اسپتالوں کیلیے تعمیر شدہ نئی عمارتوں کی ہینڈنگ ٹیکنگ اوور کے سلسلے میں پیشرفت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ مواصلات و تعمیرات، صحت، ابتدائی و ثانوی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایک مہینے کے اندر اندر تعمیر شدہ ان تمام عمارتوں کی باقاعدہ ہینڈنگ ٹیکنگ اوور کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔ وہ منگل کے روز محکمہ ہائے مواصلات و تعمیرات، صحت، ابتدائی و ثانوی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو صوبے بھر میں اسکولوں، کالجوں اور اسپتالوں کیلیے تعمیر شدہ نئی عمارتوں پر پیش رفت اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان عمارتوں میں باقی ماندہ معمولی نوعیت کے کاموں کو فوری طور پر مکمل کرکے عمارتوں کو متعلقہ محکموں کے حوالے کرنے کے لیے تمام لوازمات اور انتظامات کو پورا کریں۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ طبی اور تعلیمی اداروں کے لیے بنائی گئی ان نئی عمارتوں کی حوالگی کے ساتھ ساتھ ان میں درکار عملے کی تعیناتی اور ضروری سامان اور آلات کی فراہمی کیلیے بیک وقت ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مزید کسی تاخیر کے بغیر ان عمارتوں میں تعلیمی اور طبی سرگرمیاں شروع کی جاسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ٹھیک ایک مہینے بعد اس حوالے سے عملی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلیے دوبارہ اجلاس بلایا جائیگا تب تک تمام متعلقہ محکمے اس سلسلے میں اپنے اپنے حصے کی ذمے داریاں پوری کریں، تسلی بخش پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں ذمے داروں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس مقصد کے لیے عوام کاپیسہ خرچ کیا گیا ہے اس کے ثمرات بلا تاخیر عوام کو پہنچنے چاہییں، اس میں غیر معمولی کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔