قاسم سلیمانی کا قتل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار

172

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے تفتیش کاروں نے امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور 9دیگر افراد کی ہلاکت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ اقوام متحدہ کی نمایندہ خصوصی ایگنس کالمارڈ نے کہا کہ واشنگٹن سلیمانی کے قافلے پر کارروائی کا جواز پیش کرنے میں ناکام رہا۔ کالمارڈ نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ حملے میں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوںنے مسلح ڈرون کے ذریعے ہونے والی ٹارگٹ کلنگ اور اسلحہ کے لیے ضوابط طے کرنے کے لیے امریکا کے احتساب کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈرون حملے کے حوالے سے سلامتی کونسل عملی طور پر موجود نہیں، ادھر عالمی برادری کی اس میں مرضی شامل تھی یا نہیں، یہ واضح نہیں، تاہم اس معاملے پر بڑی حد تک خاموشی ہے۔ کالمارڈ اپنی رپورٹ جمعرات کے روز ہیومن رائٹس کونسل کے سامنے پیش کریں گی،جس میں رکن ممالک اس پر تبادلہ خیال کریں گے۔ واضح رہے کہ امریکا اس فورم کا رکن نہیں ہے اور اس نے 2 سال پہلے ہی ہیومن رائٹس کونسل پر الزامات عائد کرتے ہوئے استعفادے دیا تھا۔