اسرائیلی آبادکاروں نے بیت لحم میں بھی خیمہ نصب کردیا

235

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) انتہا پسند یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بیت لحم کے مغربی شہر بتیر میں فلسطینیوں کی زیر ملکیت زمین پر خیمہ گاڑھ دیا۔ بتیر کے ناظم تیسیر قطوش کا کہنا تھا کہ شر پسند آباد کاروں کا ایک گروہ قصبے کے مشرق میں خمار کے علاقے میں داخل ہوا اور وہاں ایک نصب کردیا۔ انہی آباد کاروں نے ایک ہفتہ قبل اس علاقے میں خیمہ لگایا تھا اور اس کے اردگرد خاردار تاروں کی باڑ لگا دی، تاہم مقامی باشندوں نے انہیں روکا اور علاقے سے نکال دیا۔ دوسری جانب نابلس میں اسرائیلی فوج نے صبح سویرے سڑک بنانے کے لیے فلسطینیوں کی زمین ہموار کرنا شروع کردی،جس پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوجیوں کے مابین پُرتشدد جھڑپیں پھوٹ پڑیں۔ صہیونی فوج نے آباد کاروں کے لیے 7کلو میٹر طویل بائی پاس تعمیر کرنے کے لیے حوارہ قصبے میں 406دونم اراضی کو ہموار کردیا۔ ادھر انتہا پسند صہیونی آبادکاروں کے ایک گروہ نے نابلس کے جنوب میں دوما گاؤں کے قریب فلسطینی شہریوں پر پتھراؤ شروع کردیا،جس سے کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔ اس دوران کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پتھراؤ سے نقصان پہنچا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق متاثر ہونے والی گاڑیوں میں سے زیادہ تر نابلس میں مجدل بنی فاضل گاؤں سے تعلق رکھنے والے فلسطینیوں کی ہیں۔