کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے حکومتی گرانٹ فراہم کرنا احسن اقدام ہے، مدثر آرائیں

151

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے سالانہ گرانٹ فراہم کرنا احسن اقدام ہے۔ گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث اس مشکل حالات میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اسپورٹس فیڈریشنز کو میرٹ کی بنیاد پر سالانہ گرانٹ دیکر کھلاڑیوں اور فیڈریشنز کے عہدیداروں کے دل جیت لئے اور یہ رقوم حکومتی ہدایات کے مطابق کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ پر خرچ کی جائے گی تاکہ کھلاڑی کورونا وائرس کے ان مشکل حالات میں تربیت حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث کھلاڑی 4ماہ سے گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں اور لاک ڈائون ختم ہوتے ہی انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاری کے سلسلے میں کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے تاکہ تجربہ کار کوچز ان کھلاڑیوں کو جدید اور اعلی تربیت دیں گے۔ مدثر آرائیں نے بتایا کہ آئندہ سال 4 انٹرنیشنل ایونٹس منعقد ہونگے، جن میں تھائی لینڈ میں ایشین انڈور گیمز، کوریا میں ایشین ویمن نیٹ بال چیمپئن شپ اور سری لنکا میں ایشین کوچنگ اینڈ امپائرنگ کیمپ شامل ہیں۔ آخر میں مدثر آرائیں نے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کو اس مشکل حالات میں سالانہ گرانٹ فراہم کرنے پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح اسپورٹس فیڈریشنز کو کارکردگی کی بنیاد پر سالانہ گرانٹ فراہم کریں گی۔