پی ایس ایل 5،براڈ کاسٹرز کا بورڈ کیخلاف عدالت سے رجوع

153

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کے براڈ کاسٹرز نے پی سی بی کیخلاف مالی معاملات پر عدالت سے رجوع کر لیا۔ واضح رہے کہ پی سی بی کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل سیزن5 مکمل نہیں کر سکا جس پر براڈ کاسٹنگ حقوق رکھنے والاادارہ خوش نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی کوشش ہے کہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل اور فائنل اس سال کے آخر میں منعقد کئے جائیں۔براڈ کاسٹرز نے پاکستان سپر لیگ کیلئے 2018ء میں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے 36 ملین ڈالرز کامعاہدہ کیا تھا تاہم ٹورنامنٹ کا سیزن 5 مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کرکٹ بورڈ کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے باہمی معاہدے کے حوالے سے ٹورنامنٹ ختم ہونے سے قبل ایک ارب روپے کے انشورنس گارنٹی کیش کرالی تھی جس پر براڈ کاسٹرز نے اس معاملے پر لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتنا حاصل کیا۔براڈ کاسٹنگ ادارے کے ترجمان نے کہا کہ پی سی بی سے تنازع پی ایس ایل5 پر ہے کیونکہ مالی ادائیگی آخری میچ کے بعد ہونی تھی تاہم عدالت سے اس معاملے کا قانونی حل چاہتے ہیں کیونکہ ٹورنامنٹ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے پی سی بی انشورنس گارنٹی کا حقدار نہیں ہے۔