قومی سائیکلنگ ٹیم کے ٹرائلز ، حکومت مالی معاونت کرے، سید اظہر علی شاہ

295

اسلام آباد(جسارت نیوز)پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے کہا ہے کہ ورلڈ روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے قومی سائیکلنگ ٹیم کے ٹرائلز جولائی کے آخری ہفتے متوقع ہیں اور حکومت ایونٹ میں شرکت کے لئے مالی معاونت کرے، گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ روڈ سائیکلنگ کے انفرادی ٹائم ٹرائل چیمپئن شپ ستمبر میں سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی شرکت بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گذشتہ مالی سال کے دوران جون میں16 اسپورٹس فیڈریشنز کو گرانٹ دی گئی لیکن پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کا اس میں نام نہیں تھا۔ سید اظہر علی شاہ نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی کہ قومی ٹیم کی عالمی سائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت اور ایونٹ کی تیاری کے سلسلے میں تربیتی کیمپ کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ کے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں اور امید ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی ستمبر میں سوئٹزرلینڈ میں کھیلی جانے والی ورلڈ روڈ سائیکلنگ کے انفرادی ٹائم ٹرائل چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں ستمبر میں منعقد ہونے والی عالمی سائیکلنگ چیمپئن شپ ملتوی ہونے کی ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے اور ایونٹ کے لئے قومی ٹیم کے چناؤ کے سلسلے میں ٹرائلز جولائی کے آخری ہفتے میں متوقع ہیں اور بعد میں ایونٹ کی تیاری کے سلسلے میں تربیت کیمپ لگایا جائے گا جس کے تمام اخراجات برداشت کرنے کی پاکستان ا سپورٹس بورڈ سے اپیل کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سید اظہر شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں سائیکلنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی ہے۔