ہوم کنڈیشنز کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنا مشکل ہے ، باسط علی

138

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ ہوم کنڈیشنز کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنا مشکل ہے ، قومی ٹیم ایک ٹیسٹ بھی جیت جائے تو بڑی کامیابی ہوگی ، ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ٹاپ آرڈر کو پرفارم کرنا ہو گا۔بیان میں سابق ٹیسٹ کرکٹرباسط علی نے کہا کہ پاکستان کی انگلینڈ میں ہمیشہ کارکردگی اچھی رہی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ کم تجربہ کار کھلاڑی وہاں کیسا پرفارم کرتے ہیں۔باسط علی نے کہا کہ بطور سابق کرکٹر اور پاکستانی خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم کامیابی حاصل کرے، دیکھنا ہو گا کہ ٹیم انگلینڈ میں مصباح اور یونس کے بغیر کیسا پرفارم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ہوم کنڈیشنز کی وجہ سے فیورٹ ہے ، پاکستان ٹیم ایک ٹیسٹ بھی جیت جائے تو بڑی جیت ہوگی۔باسط علی نے کہا کہ کرائوڈ نہ ہونے کا انگلینڈ کو نقصان ہوگا ، پاکستان ٹیم تو عادی ہے۔انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹسمین ہیں ، اظہر علی ا ور اسد شفیق کو ذمہ داری لینا ہو گی ، مجھے نہیں لگتا کہ فواد عالم ٹیسٹ میچ کھیلیں گے، انگلینڈ کے بائیں ہاتھ کے بیٹسمینوں کی وجہ سے افتخار کو موقع دیا جائے گا۔