پیٹرول کی پرانی قیمت بھی بحال کی جائے

398

وزیراعظم عمران خان نے حکم دیا ہے کہ آٹے کی پرانی قیمت بحال کی جائے۔ ذخیرہ اندوزوں کو پکڑیں یا عوام کو سبسڈی دیں سستا آٹا فراہم کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مافیاز کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم کے حکم پر شاید عملدرآمد ہو جائے اور آٹا سستا بھی ہو جائے کیونکہ یہ آسان کام ہے سرکار کے اندریہ ہمت تو ہے نہیں کہ مافیاز کے خلاف کوئی کارروائی کی جائے۔ سرکاری بجٹ سے عوام کو سبسڈی دے دیں گے جو درحقیقت سرکاری خزانے سے مافیاز کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے۔ وزیراعظم کے حکم میں ایسا زور ہے جس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ انہوں نے سختی سے نوٹس لیا ہے حالانکہ یہ حکم بھی مافیاز کو فائدہ پہنچانے والا ہے مافیاز کا منطقی انجام تو کیا ہگا روایتی انجام یہی ہے کہ پہلے چوری کرتے ہیں پھر اس چوری پر بھی انہیں انعام ملتا ہے اور پانچوں گھی میں سر کڑاہی میں ہوتا ہے۔ عمران خان کی حکومت میں تو یہی ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے آٹا سستا کرنے کا حکم جاری کیا ہے اس پر جلد عمل ہو جائے گا تاکہ مافیاز کو آسانی ہو سکے۔سبسڈی عوام کو نہیں مافیا کو ملے گی۔ اب وزیراعظم ایک اور حکم جاری کریں اس کے بعد بہت سی اشیا کی قیمتیں کم کروانا آسان ہو جائے گا۔ وہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 25 جون سے قبل کی سطح پر لے آئیں باقی اشیا کی قیمتوں میں کمی کے امکانات پیدا ہو جائیں گے۔ چونکہ بات زیادہ پرانی نہیں ہے سب کو یاد ہوگی کہ وزیراعظم نے کہا تھا پیٹرولیم کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں اور ان کے ذمے داروں کو گرفتار کیا جائے مافیا کو نہیں چھوڑوں گا اور انہوں نے وہ کیا جو ایک نیازی کر سکتا تھا۔ پیٹرولیم کمپنیوں کے سامنے ہتھیار ڈالے ایک رات میں 25 روپے فی لیٹر پیٹرول مہنگا کیا۔ کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ ئی۔ اور سب مزے سے رہنے لگے۔ یہ ہے مافیاز کا روایتی انجام جس حکومت میں مافیاز کی بدمعاشی عروج پر ہو عوام کو خاک ریلیف فراہم کرے گی۔