جامشورومیں سنگساری کاواقعہ حکمرانوں کے منہ پرتماچاہے‘پاسبان

142

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما رفیق خاصخیلی نے کہا ہے کہ سزائے موت کی مخالف پیپلز پارٹی کے اپنے صوبے میں عورتیں سنگسار ہورہی ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ کے ضلع میں ماورائے عدالت خاتون کو سنگسار کیا جانا حکمرانوں کے منہ پر تماچا ہے۔ آئین و قانون اور عدالتی نظام رکھنے والی ریاست میں وڈیروں کی نجی عدالتیں ریاست کی رٹ کے لیے چیلنج ہیں۔ اعلیٰ عدلیہ ازخود نوٹس لے‘ سنگساری میں ملوث تمام افراد کے خلاف قتل اور بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے آبائی ضلع جامشورو کے ایک گاوں وڈا چھچھر کی مظلوم خاتون وزیراں چھچھر کو انتہائی بے رحمانہ طریقے سے پتھر مار مار کر، ہڈیاں توڑ کر سنگسار کرنے کے بعد موت کے گھاٹ اتارنے کے واقعے پر اپنے رد عمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وڈیرہ راج کے اپنے قانون ہیں ۔غریب عورت موت کے گھاٹ اتار دی گئی اور طاقتور مرد چھوڑ دیا گیا۔ اس دردناک واقعے پر سندھ حکومت، بلاول ہائوس اور انتظامیہ کی طرف سے کسی نوعیت کی کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہ لانا بھی انتہائی افسوس ناک ہے۔