پاکستان،افغانستان اور چین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات

141

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان،افغانستان اور چین کے درمیان وڈیو لنک کے ذریعے نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر مذاکرات ہوئے ہیں ۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بتایا ہے کہ تینوں ممالک کی جانب سے کورونا وئرس کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ اجلاس میں افغانستان کی آزادی ، خود مختاری اور عوام کے فیصلوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔اجلاس میںکہا گیا کہ بین الافغان مذاکرات امن، خوشحالی کے لیے اہم ہیں، طالبان سمیت افغان گروپس مذاکرات کوآگے بڑھائیں۔افغانستان میں مستقل اور جامع امن کا ساتھ دیا جائے گا۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں غیرملکی افواج کی واپسی سمیت اہم پیشرفت پرنظر رکھی جائیگی، غیرملکی افواج افغانستان سے مقررہ طریقہ کار اور ذمے دارانہ انداز سے واپسی اختیارکریں۔ تمام افغان فریق قیدیوں کی رہائی یقینی بنائیں۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں القاعدہ، داعش، ای ٹی آئی ایم اور تحریک طالبان پاکستان کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کی جائے۔