قرضوں ‘ سود اور کرپشن کی لعنت نے 22کروڑ عوام کو بے بس کردیا

158

لاہور( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کی عاملہ نے کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہملک کا اقتصادی نظام پہلے ہی تباہی سے دوچار تھا، قرضوں ، سود،کرپشن کی لعنت نے 22کروڑ عوام کو بے بس بنادیا ہے۔ تبدیلی کی دعویدار حکومت نے 73سال کی تاریخ میں دوسال کے مدتِ اقتدار میں ریکارڈ قرضے حاصل کئے ہیں، ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے لاکھوں لوگوں کوبے روزگار کر دیا ہے ، بے روزگاروں کا لشکر بڑھتا جارہاہے۔زراعت ،صنعت اور تجارت کو ناقابل تلافی نقصان، پہنچا ہے۔ نوجوان اور خواتین تحریکِ انصاف کی فرنٹ لائن ہیں لیکن مجموعی طور پر یہ بھی حکومت کی ناکامیوں سے مایوس ہوگئی ہے۔ آئی ایم ایف کی ہدایت پر قومی بجٹ زبردستی قومی اسمبلی سے منظورکرالیاگیا۔ پاکستان اسٹیل کی نجکاری کا اعلان اور پی آئی اے کو حکومتی حماقت اور جانے بوجھے منصوبہ کے تحت نجکاری کے لیے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا ہے۔ روپے کی قدر میں گراوٹ ، کساد بازاری، افراطِ زر کا مسلسل بڑھنا ، پیداواری لاگت میں اضافہ کی وجہ سے برآمدات گراوٹ اور جی ڈی پی بھی منفی ہوگیاہے۔ اِس حکومت کے ہاتھوں اب اقتصادی نظام سنبھلنا ناممکن ہوگیا ہے۔ غربت ، بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ عوام کا سیلاب حکومت کو بہا کر لے جائے گا۔