تعلیمی اداروں کی بندش بڑے قومی نقصان کا باعث بن گئی

140

لاہور( نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کی مرکزی عاملہ نے قرارداد میں کہا ہے کہ کورونا وبا نے پوری دنیا اور انسانوں کو متاثر کیا ہے، صحت،تعلیم،سماجی تحفظ، فوڈ سیکورٹی کانظام عملاً ناکام اور بے نقاب ہوگیا ہے۔ حکومت نے اپنے تذبذب ، فیصلے کی صلاحیت نہ ہونے کی وجہ سے سماج کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان چپقلش اورفسادنے نظامِ تعلیم، صنعت کے نظام کو بہت بری طرح متاثر کیاہے۔ مجلس عاملہ کا اجلاس اللہ کا شکر ادا کرتا ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن متاثرین کی مدد کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے کارکنان ، رضاکار اور قائدین نے عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔جماعت اسلامی کی ملک گیر منظم سرگرمیوں پر عوام ا ور مخیر حضرات کی پذیرائی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔کورونا کی تباہ کاریاں جاری ہیں ۔لاک ڈاؤن، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے منفی اثرات مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں۔ قومی متفقہ حکمت عملی نہ ہونے سے انتشار مشکلات بڑھا رہا ہے۔وفاق، صوبے، ریاست متفقہ ایکشن پلان بنائیں۔اجلاس تعلیمی اداروں کی بندش ، دینی مدارس اور دارالتحفیظ میں تعلیمی بندش بڑے قومی نقصان کا باعث بن گئی ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کے تعلیمی اداروں کاانفرا اسٹرکچر مشکلات کا شکار ہے۔ حکومت نے علماء، اساتذہ، مدرسین، حفاظ کرام،کے ریلیف پر کوئی توجہ نہیں دی جو غیر انسانی رویہ ہے۔آن لائن تعلیم کا نظام طلبہ و طالبات کو سہولتیں مہیا نہیں کرسکا ملک کے بیشتر علاقوں میں انٹرنیٹ نظام نہ ہونے یا کمزور ہونے کی وجہ سے مشکلات ہیں۔ اِس لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر منظم پروگرام اور ضابطوں کے مطابق تعلیم پر عائد بندش کا خاتمہ کریں اور تعلیم کاسلسلہ بحال کیاجائے۔