آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنے کے لیے بجلی بم گرانے کی تیاریاں

262

اسلام آباد (آن لائن) حکومت نے آئی ایم ایف کی پوشیدہ شرط پوری کرنے کے لیے کورونا وبا اور مہنگائی میں جکڑے ہوئے عوام پر بجلی بم گرانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ بجلی پر تمام جنرل سبسڈیز واپس لینے، 14فیصد تک مہنگی کرنے اور 5 کیٹگریز کے رعایتی نرخ محدود کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ اقدام آئی ایم ایف کے رکے ہوئے پروگرام کی بحالی کے لیے انتہائی اہم ہے،یہ فیصلہ ضروریات کے متعلق سماجی واقتصادی سروے کیے بغیر کیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان سبسڈیز کے حوالے سے میکنزم حتمی کرنے کی پہلے ہی ہدایت کرچکے ہیں تاہم حکومت کو نیپرا ایکٹ میں ترمیم کیے بغیر اس ضمن میں قانونی رکاوٹوں کاسامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ وزارت خزانہ نے بتایا حکومت فی الحال نئے سبسڈی میکنزم کو حتمی شکل دینے کے عمل میں ہے، رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ کے مطابق 300 یونٹ تک بجلی کی سبسڈی کم کر کے صرف 50یونٹ تک کر دی جائیگی۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب صرف احساس پروگرام کے ذریعے ، زرعی اراضی ، آزادجموں و کشمیر اور سابق فاٹا علاقوں کو سبسڈی دی جائے گی،اس ضمن میں وفاقی کابینہ کی منظوری اور قانون سازی درکارہوگی جو ابھی تک نہیں کی گئی۔