آن لائن کلاسز لینے والے غیر ملکی طلبہ اب امریکا میں نہیں رہ سکیں گے

603

امریکی حکومت نے ملک میں مقیم غیر ملکی طالب علموں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ آن لائن تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو ملک بدر کر دیا جائے گا۔

امریکی محکمہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئس) نے غیر ملکی طالب علموں کے لیے پریشان کن اعلان کردیا۔

آئس کا کہنا ہے کہ آن لائن کلاسیں لینے والے غیر ملکی طالب علم اب امریکا میں نہیں رہ سکیں گے۔ اگر وہ طلبہ اپنے یونیورسٹی کورس میں آف لائن سمسٹر منتخب نہیں کرتے تو امریکا میں ان کا رہنا غیر قانونی قرار دیا جائے گا۔

محکمہ امیگریشن اینڈ کسٹمزانفورسمنٹ کے مطابق طلبہ کو امریکا چھوڑنا ہوگا یا نئے سمسٹر کے لیے کوئی آف لائن کورس لینا ہوگا۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق بعض امریکی یونیورسٹیوں نے حکومت کے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ غیر ملکی طلبہ کی ایک بڑی تعداد ہر سال تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکہ کا سفر کرتی ہے اور یہی یونیورسٹیوں کے لیے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔