وزیر اعظم مسلم لیگ ن کے منصوبوں کا فیتہ کاٹ رہے ہیں، احسن اقبال

482

مسلم لیگ  ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ انفرااسٹرکچر کا منصوبہ تھا، وزیر اعظم مسلم لیگ ن کے منصوبوں کا فیتہ کاٹ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا  کہ نا اہل حکومت کی وجہ سے ملک پیچھے کی طرف جارہا ہے، بنگلا دیش، سری لنکا، نیپال اور اب افغانستان کی معیشت ہم سے آگے جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  انرجی ، فوڈ اور واٹر سیکیورٹی ہمارا 2025 کا منصوبہ تھا، تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے سی پیک منصوبوں کو منہگے منصوبے کہا گیا، سی پیک کا پہلا مرحلہ انفرااسٹرکچر کا منصوبہ تھا،   عمران خان اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں نے سی پیک منصوبوں کی مخالفت کی تھی۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم مسلم لیگ ن کے منصوبوں کا فیتہ کاٹ رہے ہیں، گوادر کا پروجیکٹ بھی مسلم لیگ کا ہے جس کا ابھی سنگ بنیاد رکھنے جارہے ہیں،  وزیر ا عظم اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے سی پیک منصوبوں پر بے بنیاد الزامات پر معافی مانگی؟

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری افسران کے تبادلے کررہی ہے کوئی اسطرح اپنے نوکروں کے بھی نہیں کرتا،حکومت نے ہائرایجوکیشن پر بڑاحملہ کیا، یونیورسٹیز عملے کو نکالنے پرمجبور ہوگئی ہیں یہ وہ حکومت ہے جو 2 سال سے بغیر ڈیولپمنٹ کے کام کررہی ہے،نالائق، نااہل اور ناتجربہ کار وزیراعظم کی وجہ سے ہماری معیشت تباہ ہوگئی۔