مسئلہ نوٹس سے نہیں کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی سے حل ہوگا، حافظ نعیم

455

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نیپرا صرف لوڈشیڈنگ ہی نہیں اووربلنگ کی شکایات پر بھی نوٹس ہی نہ لے بلکہ کے الیکٹرک کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرے۔

حافظ نعیم الرحمن  نے کراچی میں سخت گرمی میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ کے حوالے سے نیپرا کی جانب سے نوٹس لینے اور آن لائین عوامی سماعت کرنے کے اعلان پراظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ نوٹس لینے سے نہیں کے الیکٹرک کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے سے حل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ نیپرا کے نوٹس لینے کی اطلاعات اس سے قبل بھی بارہا آتی رہی ہیں لیکن کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی بدستور برقرار ہے اور سخت گرمی اور حبس کے موسم میں بھی کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

امیر کراچی نے کہاکہ پہلی بارش کے ساتھ ہی شہر میں بریک ڈاؤن ہو گیا اور کے الیکٹرک کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، کئی علاقوں میں 12گھنٹوں کے بعد بھی بجلی بحال نہ ہو سکی،کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام اتنا بوسیدہ اور ناکارہ ہے کہ گرمی کی شدت اور بارش بالکل برداشت نہیں کرپاتا۔

انہوں نے کہاکہ  کورونا وباء کے باعث قرنطینہ کرنے والے افراد بجلی کی بندش سے اضافی مسائل کا شکار ہیں، وفاقی حکومت اور نیپرا صرف نوٹس لینے سے آگے بڑھنے پر تیار نہیں ہیں،بدترین لوڈشیڈنگ کے علاوہ اووربلنگ کی شکایات بھی مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں۔

حافظ نعیم کا مزید کہنا تھا کہ  چھوٹے مکانوں اور چند افراد کے گھرانوں کو ہزاروں روپے کے بل بھیجے جا رہے ہیں، کے الیکٹرک کے دفاتر کے بار بار چکر لگانے کے باوجود بھی بل درست نہیں کیے جاتے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جب حکمران پارٹیاں بھی مسائل حل کروکے مطالبات کرنے لگیں تو مسائل کون حل کرے گا؟ حکمران پارٹیاں کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج اور زبانی جمع خرچ کرکے خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتیں،عوام کو الیکٹرک کی لوٹ مار اور ظلم سے نجات دلوانا ہو گی، کے الیکٹرک کی سرپرستی اور پشت پناہی ختم کرنی ہو گی۔