مصر: ناقدین کیخلاف حکومت کا کریک ڈاؤن، متعدد ڈاکٹرز اور صحافی گرفتار

431

قاہرہ: مصر میں ہیلتھ سسٹم کے خلاف آواز اٹھانے والے ڈاکٹروں اور صحافیوں کی گرفتاری کے لیے حکومت نے کوششیں تیز کردیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر مصر کا نظامِ صحت کمزور پڑ گیا ہے جس کا اظہار ڈاکٹر اور صحافی کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مصر کی پولیس نے ایک خاتون ڈاکٹر کو ہیلتھ سسٹم کے خلاف اخبار میں مضمون لکھنے پر گرفتار کرلیا۔ اسی طرح ایک دوا ساز کو ڈیوٹی کے دوران اسپتال سے حراست میں لیا گیا جس نے سوشل میڈیا پر حفاظتی لباس کی عدم موجودگی یا کمی کا ذکر کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کی تھی۔

مصر کے ایک اخبار کے مدیر اعلیٰ کو کورونا وائرس سے متاثرین کی ‘غلط تعداد’ پر سوالات اٹھانے پر گرفتار کیا گیا۔

ایک اور حاملہ خاتون ڈاکٹر کو مشتبہ کورونا مریض کی نشاندہی کرنے پر حراست میں لے لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی ادارے ملک بھر میں ہیلتھ سسٹم پر تنقید کرنے والوں کے خلاف سرگرم ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اب تک 10 ڈاکٹر اور 6 صحافی حراست میں ہیں۔ جب کہ دیگر ڈاکٹروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ تنقید کرنے سے خاموش رہیں یا پھر سزا کا سامنا کریں۔