افتخار ملک کا صدرسارک چیمبر کے عہدے پر فائز ہونا اعزاز ہے، وزیر اعظم

309

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان ملک کے معروف بزنس مین اور پاکستان کی تاجربرادری کے رہنما افتخار علی ملک کو 2سال کے لیے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سارک تنظیم کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور وہ اس کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد پر قائم ہے،مجھے یقین ہے کہ تجربہ کار تاجر رہنما افتخار علی ملک علاقائی تجارت کے فروغ اور سارک ممبر ممالک کو قریب لانے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے افتخار علی ملک کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ان کا اس عہدے پر فائز ہونا ملک کے لیے ایک اعزاز ہے۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس علاقائی فورم کو خودمختاری اور مساوات کے اصول پر مبنی باہمی تعاون کے لیے ایک متحرک تنظیم بنانے کی کوشش کی ہے، سارک کے اراکین دیگر ممبر ممالک کی معیشتوں کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں۔