بلاول کی حکومت کیخلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کی ہدایت

193

اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو پی ٹی آئی حکومت کے خلاف میڈیا میں جارحانہ حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کردی ہے‘ ان کی سربراہی میں پیر کو پارٹی کی میڈیا میں حکمت عملی کے حوالے سے وڈیو لنک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایک نجی ٹی وی کی بندش پر احتجاج کرنے والے صحافیوں پر گولیاں چلانے کی مذمت کی گئی۔ بلاول زرداری نے کہا کہ پیمرا کے سیکورٹی اہل کاروں نے صحافیوں پر گولیاں چلا کر ثابت کردیا کہ میڈیا سے متعلق ان کی پالیسی کیا ہے۔ پارٹی سربراہ نے کہا کہ عوام تک درست حقائق پہنچنے کیلیے ضروری ہے کہ پی پی کا موقف شائستگی سے سامنے لایا جائے‘ پی پی پی قیادت اور رہنماؤں پر کبھی کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہ ہوا‘ سب باعزت بری ہوئے۔ بلاول نے کہا کہ اعداد و شمار اور حقائق گواہ ہیں کہ پی پی حکومتوں کی کارکردگی دیگر حکومتوں سے بہت بہتر رہی ہے‘جیالے رہنما میڈیا میں پی پی حکومتوں کی کامیابیوں کو اجاگر کریں۔