صوبائی حکومت اخبارات کو بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائے

120

کوئٹہ (این این آئی ) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا جائزہ اجلاس زیر صدارت حاجی عبدالغفار لانگو منعقد ہوا ۔ اجلاس کے دوران اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حوالے سے ایکشن کمیٹی کے اب تک کے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین نے صنعت کو درپیش صورتحال کے حوالے سے ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کی کارکردگی اور اقدامات ایگزیکٹو باڈی کے سامنے پیش کیے جن پر کمیٹی اراکین نے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات کو جاری ہونے والے خصوصی ڈسپلے اشتہارات میں مقامی اخبارات کونظر اندازکرنے کاسلسلہ بندہونا چاہیے جبکہ موجودہ ڈی جی پی آر نعیم بازئی کا رویہ اخباری صنعت کیلیے انتہائی مثبت ہے اور مسائل حل ہونے کی بھی امید پیدا ہوگئی ہے ۔اس سلسلے میں دیگر اعلیٰ حکام بھی اخبارات کے مسائل کو سمجھتے ہوئے تعاون کریں ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ،چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت تمام اعلیٰ حکام سے رابطے کرکے مسائل کے حوالے سے آگاہی اور ان کے حل کیلیے تجاویز دی جائیں گی تاکہ اخباری صنعت کو درپیش مسائل کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔اجلاس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت کے مطابق اخبارات کو بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اشتہارات میں بھی مقامی اخبارات کو ترجیح دی جائے جبکہ ڈسپلے اشتہارات کی مد میں مختص فنڈ میں بھی اضافہ کیا جائے ۔اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین رضوان ہاشمی،پریس سیکرٹری مدثر ندیم، ایگزیکٹو اراکین ظفر خان اچکزئی، نعیم اختر، شکیل احمد، سہیل جلال، ریاض شاہوانی،حبیب کاکڑاورحفیظ اللہ خان سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔