لاڑکانہ ، شادی ہال ایسوسی ایشزکا ایس او پیز کے تحت شادی ہال کھولنے کا مطالبہ

226

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ ایوان صنعت و تجارت اور شادی ہال ایسوسی ایشز کی جانب سے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر کاروبار کی طرح ایس او پیز کے تحت شادی شادی کھولنے کی اجازت دی جائے۔ لاڑکانہ ایوان صنعت و تجارت کے صدر غلام سرور شیخ اور شادی ہالز ایسوسی ایشن کے صدر نثار اللہ شیخ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا لاک ڈائون کے باعث گزشتہ 4 ماہ سے لاڑکانہ میں 60 سے زائد شادی ہالز بند پڑے ہیں، اس کاروبار سے وابستہ مزدور روزگار سے محروم ہیں، شادی ہالز سے وابستہ دیگر کاروبار بھی متاثر ہے، جس طرح سے حکومت نے دوسرے کاروبار کھلوائے ہیں، اسی طرح ہمارے مطالبے کو بھی سنجیدگی سے دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شادی ہالز بند رہنے کا نقصان مالکان اور مزدور اٹھا رہے ہیں، لیکن حکومت لاتعلق بنی ہوئی ہے۔ شادی ہالز کھولنے کی اجازت نہ دینے کیخلاف 13 جولائی کو ہونے والے ملک گیر احتجاج میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ ایس او پیز کے تحت شادی ہالز کھولنے کی اجازت دے تاکہ اس کاروبار سے وابستہ مزدور اپنا روزگار کرسکیں۔ اس موقع پر ایوان صنعت و تجارت لاڑکانہ کے سابق صدر عبدالغفار شیخ، شادی ہال ایسوسی ایشز کے عہدیداران منوہر لال، مکیش کمار، عبدالوحید شیخ، سید اصلاح شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔