ٹنڈوالٰہیار،حکومتی عدم توجہ ،ویکسینیٹر ملازمین کا احتجاج 27 روز سے جاری

218

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ویکسینیٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس ٹنڈوالہیار میں منعقد ہوا جس میں سندھ بھر سے ویکسینٹر ز نے بھر پور شر کت کی۔ سندھ بھر سے ویکیسنیٹر نے صوبائی کابینہ کی ہدایت پر کمر کس لی، حکومت کیخلاف دما دم مست قلندر کر نے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا، صوبائی چیئرمین مولا بخش چانڈیو۔ صوبائی چیئرمین مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ 27 روز سے آفس کی مکمل تالا بندی کرکے اور بچوں کو ٹیکے لگانے کا مکمل بائیکاٹ کرکے زبردست احتجاج ریکارڈ کروایا۔ ہم پرامن شہر ی ہیں، حکومت سندھ فوری طور پر ہمارے مطالبات کو تسلیم کرے بصورت دیگر میں وزیر اعلیٰ ہائوس اور گورنر ہائوس پر احتجاج کریں گے، ہم اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے پرامن احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں مگر افسوس کہ 27 دن گزرنے کے باوجود ہمارے جائز مطالبات منظور نہیں کیے جارہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو ہم مجبور ہوکر کراچی کا رخ کریں گے۔ ویکسینیٹر دھوپ ہو یا چھائوں، اسپتال میں اور گائوں، قصبوں میں جا کر معصوم بچوں کو موذی مرض سے بچائو کے ٹیکے لگاتے ہیں اور بچوں کو پولیوں سے بچائو کے قطرے پلاتے ہیں مگر افسوس کہ سندھ حکومت ان کے جائز مطالبات نہیں مان رہی۔ اس موقع پر ویکسینیٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ کے صدر دھنی بخش دل، ڈسٹرکٹ ٹنڈوالہٰیار کے سرپرست اعلیٰ گل حسن سموں، ڈسٹرکٹ ٹنڈوالہٰیار کے جنرل سیکرٹری عبدالعلیم پٹھان نے کہا کہ ویکسینیٹر اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کرتے ہیں اور دور دراز علاقوں میں اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بچوں کو موذی امراض اور پولیو سے بچائو کے قطرے اور ٹیکے لگاتے ہیں۔ ویکسینیٹروں کے احتجاج کو 27 دن گزر گئے مگر ان کے جائز مطالبات منظور نہیں کیے گئے جو افسوسناک بات ہے۔ احتجاج کی وجہ سے بہت سے بچوں کو وقت پر موذی بیماریوں سے بچائو کے ٹیکے نہیں لگے، جس کی وجہ سے سیکڑوں بچوں کی زندگیاں دائو پر لگی ہوئی ہیں۔ حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ویکسینیٹروں کے جائز مطالبات مان کر ان کا احتجاجی دھرنا ختم کروایا جائے۔ اس موقع پر خدا بخش قریشی، خالد حسین مگسی، نصر اللہ میمن، شاہدہ چانڈیو، زین العبادین، سید منور علی شاہ، سید رجب علی شاہ، سید کریم علی شاہ نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہمارا چارٹر آف ڈیمانڈ وزیر اعلیٰ کی ٹیبل پر موجود ہے، ہمارے جائز مطالبات میں رسک الائونس، 58 گاوی ویکسینیٹر کی تنخواہ، ٹائم اسکیل اور این ٹی ایس پاس کو سینارٹی دی جائے۔ اس موقعے پر محمد عیسیٰ جروار، جاوید بلوچ، محمد سومار جروار، نجم الدین، عامر علی لونڈ، صدام حسین، عامر علی رند بھی موجود تھے۔