برداری کے با اثر افراد نے ہماری زمینوں پر قبضہ کرلیا، ساجن لاشاری

143

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) گاؤں حاجی عبداللہ لاشاری کے رہائشیوں کا بااثر افراد کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، حکام سے انصاف فراہم کیے جانے کا مطالبہ۔ ٹنڈو محمد خان تحصیل بْلڑی شاہ کریم کے گاؤں حاجی عبداللہ لاشاری کے رہائشیوں کی جانب سے لاشاری برداری کے با اثر افراد کی جانب سے زمینوں پر قبضے کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور سخت نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر محمد ساجن لاشاری، جان محمد لاشاری، صدیق لاشاری نے بتایا کہ 70 سال سے زمین ہمارے پاس ہے اور ہمارے بڑوں کے نام ہے لیکن اب ہماری ہی برداری کے با اثر افراد نے ہماری زمینوں پر قبضہ کرلیا اور ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ہم نے مختار کار بلڑی شاہ کریم سے لے کر حکام بالا تک شکایات کی ہیں لیکن ابھی تک کسی قسم کی کوئی داد رسی نہیں ہوئی ہے، خدشہ ہے کہ آفیسرز کے ساتھ مل کر یہ با اثر افراد زمینوں کے کھاتے تبدیل نہ کردیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان و دیگر حکام سے اپیل کی ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور ہماری زمینوں پر ناجائز قبضہ ختم کرایا جائے۔